محسن نقوی کا بحرین کا دورہ، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بحرین کے دورے میں انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ پر تعاون بڑھانے پر زور، بحرینی ہم منصب سے اہم ملاقات۔

منامہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے، جہاں بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

latest urdu news

محسن نقوی کو بحرینی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر "منامہ فورٹ” آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، جبکہ پاکستان اور بحرین کے مابین قائم "مشترکہ سیکیورٹی کمیٹی” کے کردار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

بحرینی وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے سیکیورٹی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ علاقائی و عالمی چیلنجز کے پیش نظر بحرین اور پاکستان کے مابین سیکیورٹی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون میں مزید وسعت ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے بحرینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دورے کے اختتام پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرینی وزارت داخلہ میں رکھی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ اس ملاقات میں بحرین کے نائب وزیر داخلہ میجر جنرل عادل بن خلیفہ، چیف آف پبلک سیکیورٹی، سینئر عسکری افسران، پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان سیکیورٹی، تجارتی اور سفارتی سطح پر دیرینہ تعلقات قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter