انگلش کرکٹر جو روٹ نے راہول ڈریوڈ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 211 کیچز لینے والے نان وکٹ کیپر بن گئے۔
لندن، انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، مگر اس بار میدان بیٹنگ کا نہیں بلکہ فیلڈنگ کا ہے۔ بھارت کے خلاف لارڈز میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران جو روٹ نے بھارتی بیٹر کرون نائر کا کیچ تھام کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے نان وکٹ کیپر فیلڈر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
روٹ نے اب تک 266 ٹیسٹ اننگز میں مجموعی طور پر 211 کیچز پکڑے ہیں، اور اس طرح انہوں نے سابق بھارتی لیجنڈ راہول ڈریوڈ کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ راہول ڈریوڈ نے 301 اننگز میں 210 کیچز لے کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جو اب جو روٹ کے نام ہو چکا ہے۔
جو روٹ کو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی شاندار بیٹنگ، ٹیمپرمنٹ اور مستقل مزاجی کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن اب ان کی فیلڈنگ بھی عالمی سطح پر تسلیم کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بطور سلپ فیلڈر متعدد اہم مواقع پر ٹیم کو فائدہ پہنچایا ہے اور کئی سنسنی خیز کیچز لیے ہیں جو میچ کے نتائج پر اثرانداز ہوئے۔
کرکٹر کی معمولی غلطی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خطرے میں ڈال دیا
کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جو روٹ کی فیلڈنگ میں مہارت اور ردعمل کی رفتار انہیں بہترین فیلڈرز کی صف میں لا کھڑا کرتی ہے، اور ان کا یہ نیا ریکارڈ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔
یاد رہے کہ جو روٹ نے اپنے کرکٹنگ کیریئر کے دوران کئی بیٹنگ ریکارڈز بھی قائم کیے ہیں، جن میں ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہزار سے زائد رنز اور متعدد سنچریاں شامل ہیں۔ اب فیلڈنگ میں بھی یہ اعزاز حاصل کر کے انہوں نے اپنی ہمہ جہتی صلاحیتوں کا لوہا ایک بار پھر منوایا ہے۔