پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے جمعے کے روز کاروباری ہفتے کے اختتام پر ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 100 انڈیکس 1 لاکھ 34 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر لیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا، اور دورانِ ٹریڈنگ 729 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس تیزی کے نتیجے میں انڈیکس 1,34,511 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، جبکہ کچھ لمحوں کے لیے 1,34,530 پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور کی گئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، مالیاتی اشاریوں میں بہتری، اور معیشت میں استحکام کے اثرات کا نتیجہ ہے۔
ادھر انٹر بینک مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، اور ڈالر 284 روپے 46 پیسے کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جو معیشت کے لیے مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے، جو سرمایہ کاروں اور معاشی پالیسی سازوں کے لیے خوش آئند ہے۔