معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی زندگی کی آخری دنوں کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
ان کی قریبی دوست اور معروف فیشن ڈیزائنر درشہوار نے انکشاف کیا ہے کہ حمیرا ان کے لیے صرف ایک دوست نہیں بلکہ خاندان کا حصہ تھیں۔
نجی ٹی وی "سماء” سے گفتگو کرتے ہوئے درشہوار نے بتایا کہ حمیرا جب بھی ان کے گھر آتیں، اکثر وہیں قیام کرتیں۔ ان کے مطابق، دونوں کا آخری رابطہ ستمبر 2024 میں ہوا جب درشہوار مکہ مکرمہ میں تھیں۔ اس دوران ہونے والی ایک آڈیو گفتگو بھی سامنے آئی ہے، جس میں حمیرا کہتی ہیں:
میں بہت خوش ہوں کہ تم مکہ میں ہو، میرے لیے دعا کرنا۔”
درشہوار کا کہنا تھا کہ وہ اپریل 2025 میں وطن واپس آئیں تو دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر حمیرا کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حمیرا ایک باصلاحیت اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شاندار مصورہ بھی تھیں۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی 2025 کو کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ان کے کرائے کے فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔