راولپنڈی ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی ، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور عالمی سفارتی منظرنامے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے حالیہ دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور عزم کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف حالیہ آپریشنز کی کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور ان کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہیں، جن کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں ناگزیر ہیں۔ فورم نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پہلگام واقعے میں بھارتی ناکامی کے بعد دشمن فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم کے ساتھ ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور یو اے ای کے حالیہ کامیاب دوروں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں، جب کہ آرمی چیف کے منفرد دورہ امریکا کے بارے میں بھی فورم کو بریفنگ دی گئی۔ اس دورے میں اعلیٰ امریکی قیادت کو پاکستان کا دوٹوک اور بامقصد مؤقف براہ راست پیش کیا گیا۔
فورم نے عالمی سطح پر طاقت کے استعمال کو ترجیحی پالیسی ٹول کے طور پر اپنانے کے بڑھتے رجحان پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس صورتحال میں پاکستان کے لیے خود انحصاری اور قومی اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کی بلاک سیاست اور نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر بننے کی کوششوں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اب بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہاپسندی سے بخوبی آگاہ ہو رہی ہے۔
یادرہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں بھارتی حمایت یافتہ نیٹ ورکس کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ اس تناظر میں کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح پالیسی اپنائی گئی ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔