روس پاکستان کو قدرتی اتحادی سمجھتا ہے: روسی نائب صدر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

روسی نائب وزیراعظم نے طارق فاطمی سے ملاقات میں پاکستان سے تعاون کے عزم کا اظہار کیا، صدر پیوٹن اور شہباز شریف کی اگست میں ملاقات متوقع ہے۔

ماسکو، روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو ایک قدرتی اتحادی سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کے دوران کہی۔

latest urdu news

ماسکو میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، توانائی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان، ازبکستان اور روس کے مابین ریلوے منصوبے اور کارگو ٹرین کے تصور پر بھی گفتگو کی اور اسے خطے کی تجارت کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔

اس موقع پر روسی نائب وزیراعظم نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن خود پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئی بلندی تک پہنچ سکتے ہیں۔

طارق فاطمی نے روسی قیادت کے لیے پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان روس کو عالمی استحکام اور خطے میں توازن کا ایک اہم عنصر سمجھتا ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق جاری بات چیت کو بھی تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، صدر پیوٹن اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آئندہ ماہ اگست میں اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر پیش رفت ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے، بالخصوص توانائی، دفاع، اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں میں دونوں ممالک کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter