ٹیکساس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، 120 افراد ہلاک، 170 سے زائد لاپتا، کیر کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثر۔
ٹیکساس، امریکا کی ریاست ٹیکساس طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہے، جہاں ایک ہفتے سے جاری قدرتی آفت کے باعث انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، اب تک مختلف علاقوں سے 120 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 170 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی کیر کاؤنٹی میں دیکھنے میں آئی ہے، جہاں اب تک 96 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں 36 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ تیز ہواؤں، مسلسل بارش اور پانی کے تیز بہاؤ نے نہ صرف مکانات، پل اور سڑکیں تباہ کر دیں بلکہ کئی مقامات پر رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔
امریکی ریسکیو ایجنسیاں، نیشنل گارڈ اور رضاکار تنظیمیں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں، تاہم شدید موسم اور متاثرہ علاقوں تک رسائی میں مشکلات کے باعث کام سست روی کا شکار ہے۔
ٹیکساس میں طوفانی بارشیں اور سیلاب: ہلاکتیں 104 تک جا پہنچیں، ایمرجنسی نافذ
مقامی انتظامیہ نے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، اور ہزاروں افراد کو عارضی شیلٹرز میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیکساس میں حالیہ موسمیاتی تغیرات نے ریاست کو شدید متاثر کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمی شدت میں اضافہ عالمی درجہ حرارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ یہ سانحہ امریکی تاریخ کے سنگین ترین موسمی حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔