55 سالہ بزرگ نے میٹرک کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کر لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری اسکول میں چپڑاسی کی حیثیت سے کام کرنے والے معمر شخص فیض الحق نے میٹرک پاس کر کے سب کو حیران کر دیا، اساتذہ نے پھولوں سے استقبال کیا۔

پشین، بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ معمر شہری فیض الحق نے محنت، لگن اور حوصلے کی مثال قائم کرتے ہوئے میٹرک کا امتحان کامیابی سے پاس کر لیا۔ گزشتہ روز ان کے رزلٹ کا اعلان ہوا، جس کے مطابق انہوں نے 600 نمبر حاصل کیے اور سیکنڈ ڈویژن میں کامیابی حاصل کی۔

latest urdu news

فیض الحق گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نوآباد، پشین میں چپڑاسی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غربت اور گھر کی کفالت کے باعث بچپن میں تعلیم مکمل نہ کر سکے، تاہم دل میں ہمیشہ پڑھنے کی خواہش موجود رہی۔ اسکول کے اساتذہ اور عملے کی مسلسل حوصلہ افزائی نے انہیں ایک بار پھر کمر باندھنے پر مجبور کیا، اور آخرکار ان کی برسوں پرانی خواہش پوری ہو گئی۔

میٹرک کے کامیاب نتائج آنے پر اسکول کے اساتذہ اور ساتھی عملے نے فیض الحق کو پھولوں کے ہار پہنائے، مبارکباد دی اور ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیض الحق کا کہنا تھا کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اور اگر ارادہ مضبوط ہو تو کسی بھی عمر میں تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔ وہ آگے بھی تعلیم جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی کہانی دوسرے لوگوں کے لیے حوصلے کا ذریعہ بنے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں عمر کی قید کو توڑتے ہوئے اس طرح کی مثالیں کم ہی سامنے آتی ہیں، اور فیض الحق کی کامیابی نہ صرف پشین بلکہ پورے ملک کے لیے ایک متاثر کن پیغام ہے کہ سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter