نریندر مودی بھارت کا بدترین وزیراعظم قرار، کانگریس کا شدید ردعمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کانگریس رہنما مانی شنکر آئر نے مودی کو آمرانہ سوچ کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلم دشمنی اور ہندوتوا پالیسیوں نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے۔

ممبئی — بھارتی سیاست میں ہنگامہ خیز موڑ اس وقت آیا جب کانگریس کے سینئر رہنما مانی شنکر آئر نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھارتی تاریخ کا بدترین اور سب سے زیادہ آمرانہ مزاج رکھنے والا سربراہِ حکومت قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی مسلم دشمن پالیسیوں، آمرانہ طرزِ حکمرانی اور ہندوتوا نظریے نے بھارت کو مذہبی، ثقافتی اور سیاسی طور پر تقسیم کر دیا ہے۔

latest urdu news

مانی شنکر آئر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مودی صرف ایک تہائی ووٹ لے کر اقتدار میں آئے لیکن خود کو پورے بھارت کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچھلے عام انتخابات میں نریندر مودی نے اپنی 159 انتخابی تقاریر میں سے 110 میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا، جو ان کے تعصب اور تفریق کی سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ بی جے پی کا "ایک قوم، ایک زبان، ایک ثقافت، ایک انتخاب” کا نعرہ بھارت کی گوناگوں تہذیب اور روایات کے خلاف ہے، اور اس کے ذریعے بی جے پی ایک یکساں، غیر لچکدار ہندو شناخت مسلط کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور مودی سرکار نے بھارت کو مسجد، مندر اور مذہبی تقسیم کی سیاست میں الجھا دیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کی جمہوری اقدار اور سماجی ہم آہنگی شدید خطرے سے دوچار ہو چکی ہیں۔

مانی شنکر آئر نے یہ بھی کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات کے باعث بھارت بین الاقوامی سطح پر تنقید کی زد میں ہے، اور بھارت کے اندر نصف سے زائد ہندوؤں سمیت دو تہائی عوام مودی کی انتہاپسند پالیسیوں کو مسترد کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت کو اس آمرانہ حکومت سے نجات نہیں ملتی، ملک کا جمہوری مستقبل خطرے میں رہے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے اصل جمہوری اور سیکولر تشخص کو بچانے کے لیے تمام سیاسی و سماجی طبقات کو متحد ہو کر بی جے پی کی انتہاپسندانہ سیاست کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ مودی سرکار پر پہلے بھی بھارت میں اقلیتوں کے حقوق سلب کرنے، میڈیا کی آزادی محدود کرنے اور مذہب کے نام پر سیاست کو ہوا دینے کے الزامات لگتے رہے ہیں، لیکن حالیہ بیان میں کانگریس کی جانب سے وزیراعظم کو کھلے الفاظ میں ’بدترین‘ قرار دینا بھارتی سیاسی فضا میں نئی گرما گرمی پیدا کر چکا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter