محسن نقوی کا حوالہ ہنڈی، بھکاری اور جعلی ادویات مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون میں اجلاس کے دوران حوالہ ہنڈی، جعلی ادویات اور بھکاری ایجنٹس مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا۔

کراچی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے دوران اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک بھر میں حوالہ ہنڈی، جعلی ادویات، بھکاریوں کی بیرونِ ملک اسمگلنگ اور نان کسٹم اشیاء کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دیں۔

latest urdu news

وزیر داخلہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ حوالہ ہنڈی کے مکروہ دھندے میں ملوث بڑے بڑے افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور کسی بھی سیاسی یا سماجی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو بلاامتیاز کارروائی کرنے کی ہدایت دی تاکہ منی لانڈرنگ اور غیرقانونی مالیاتی نظام کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

محسن نقوی نے اجلاس میں بھکاری مافیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک بھکاریوں کو بھجوانے والے ایجنٹس پاکستان کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر ایکشن لیا جائے اور دیگر صوبوں کے تعاون سے مفرور ایجنٹس کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ بیرونِ ملک سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے بھکاریوں کی مکمل نگرانی اور گرفتاری کا بندوبست کیا جائے تاکہ یہ دوبارہ اسی مافیا کا حصہ نہ بن سکیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ڈی کی لسٹوں کی حققیت سامنے آگئی

اس موقع پر انہوں نے جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایسے لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے، اور عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے نان کسٹم پیڈ مصنوعات کی روک تھام اور بیرونِ ملک 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا حکم دیا، اور کہا کہ ایسے کیسز میں قانون کے مطابق بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹرز اینٹی منی لانڈرنگ، امیگریشن، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے ساؤتھ کے دیگر افسران شریک تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو زون کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

یاد رہے کہ حوالہ ہنڈی، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم پاکستان کی معیشت، عوامی صحت اور عالمی ساکھ کے لیے سنگین خطرہ سمجھے جاتے ہیں، اور ان کے خلاف مربوط اور سخت کارروائی کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter