افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال ہورہی ہے: عاصم افتخار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی کی دراندازی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، دہشت گردی کو عالمی خطرہ قرار دیا

نیویارک، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکی ہیں، اور ان کے خلاف مؤثر عالمی ردعمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے اہم مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

latest urdu news

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل اس بات کا سامنا کر رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے سرحد پار دہشت گردی کر رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکا اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے اسلحہ و گولہ بارود اب پاکستان میں حملوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جو کہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے زور دے کر کہا کہ افغانستان کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے بقول، نہ صرف ٹی ٹی پی بلکہ القاعدہ، داعش (خوارج)، اور بلوچ علیحدگی پسند گروہ بھی افغانستان میں موجود ہیں اور وہاں سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے ایک مستقل خطرہ ہیں۔

بھارت خطے میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے، عاصم افتخار

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بن سکتا ہے، جس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے مذاکرات بھی ہوئے، جن میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کو پورے خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے افغان وفد پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی اقدامات کرے کیونکہ یہ گروہ پاکستان کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔ مذاکرات میں تجارت اور ٹرانزٹ کے فروغ سمیت باہمی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

یاد رہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کے الزامات اور سرحدی تناؤ کئی برسوں سے جاری ہیں، جبکہ پاکستان عالمی فورمز پر مسلسل یہ معاملہ اٹھاتا رہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter