میئر مرتضیٰ وہاب کا کراچی کے 200 سے زائد قبرستانوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ، تدفین کے سرکاری نرخ مقرر
کراچی میں بلدیہ عظمیٰ نے شہر کے تمام قبرستانوں کو باضابطہ رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میئر کراچی، مرتضیٰ وہاب کے مطابق اس وقت شہر میں 200 سے زائد قبرستان موجود ہیں، لیکن ان میں سے صرف 38 قبرستان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس رجسٹرڈ ہیں، جو انتظامی طور پر ناکافی ہے۔
میئر نے واضح کیا کہ اب تمام غیر رجسٹرڈ قبرستانوں کو فوری طور پر رجسٹریشن کروانا ہوگی اور اس عمل کو بلدیاتی نظام کے تحت ضابطے میں لایا جائے گا، تاکہ تدفین کے معاملات میں شفافیت، نظم و ضبط اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام قبرستانوں کے انچارج حضرات فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی میئر نے تدفین کے اخراجات کے لیے سرکاری نرخ بھی مقرر کر دیے ہیں، جن کے مطابق کوئی بھی قبرستان 14 ہزار 300 روپے سے زائد رقم وصول نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ ماضی میں کراچی میں قبرستانوں کی عدم رجسٹریشن اور من مانے نرخوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے، جسے مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام بلدیاتی نظام میں ایک اہم اور اصلاحی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔