شبمن گل کی نائکی کی ٹائٹس کے ساتھ میدان میں واپسی، بی سی سی آئی اور ایڈیڈاس کے 250 کروڑ روپے کے معاہدے کو خطرہ
ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد بھارتی کپتان شبمن گل ممکنہ طور پر ایک بڑی قانونی اور مالیاتی الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں، جس کے اثرات بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
گل نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 430 رنز کی شاندار کارکردگی دکھائی، جس میں پہلی اننگز میں 269 اور دوسری میں 161 رنز شامل تھے۔ تاہم بھارت کی دوسری اننگز کے دوران، جب ٹیم نے 427 رنز پر چھ وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈیکلیئر کی، تو گل دوبارہ میدان میں نائکی کی ٹائٹس پہن کر آئے — جو بی سی سی آئی اور ایڈیڈاس کے درمیان موجودہ اسپانسرشپ معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بی سی سی آئی اور ایڈیڈاس کے درمیان 250 کروڑ روپے مالیت کا معاہدہ مارچ 2028 تک جاری ہے، جس کے تحت تمام کھلاڑیوں کو ایڈیڈاس کے ملبوسات اور ساز و سامان استعمال کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ شبمن گل کی جانب سے نائکی کی مصنوعات استعمال کرنا، اس معاہدے کی شرائط کی سنگین خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔
اس واقعے نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے، اور یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے کہ آیا ایڈیڈاس اس معاہدے کو منسوخ کر سکتا ہے یا محض وارننگ تک محدود رہے گا۔ قانونی طور پر کمپنی کو معاہدہ ختم کرنے اور نقصان کے ازالے کا حق حاصل ہے، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ چونکہ بی سی سی آئی دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے اور یہ معاہدہ ایڈیڈاس کے لیے بھی مالی طور پر فائدہ مند ہے، اس لیے غالب امکان یہی ہے کہ کمپنی صرف تنبیہ پر اکتفا کرے گی۔
یاد رہے کہ اس قسم کی کوتاہیاں نہ صرف کھلاڑی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ بورڈ کی ساکھ اور اسپانسرشپ تعلقات بھی متاثر کر سکتی ہیں، جس کے باعث بی سی سی آئی کو ممکنہ طور پر مستقبل میں مزید سخت پالیسیاں اپنانا پڑیں گی تاکہ اس طرح کی خلاف ورزیاں روکی جا سکیں۔