پنجاب میں مون سون بارشوں کی شدت برقرار، لیہ میں سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری مون سون بارشوں کے بارے میں پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع لیہ میں سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کوٹ ادو میں 31، ڈیرہ غازی خان میں 29، اور بھکر میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ میانوالی میں 8 ملی میٹر، لاہور میں 7، نارووال میں 6، قصور میں 3، منڈی بہاؤالدین میں 2، اور ملتان میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے تصدیق کی ہے کہ سیالکوٹ، منگلا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، بہاولنگر، ساہیوال، بہاولپور، اور گوجرانوالہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
بلوچستان میں بارشوں کا قہر، آسمانی بجلی اور دیوار گرنے سے 3 افراد جاں بحق
ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نچلے علاقوں میں رہنے والے افراد الرٹ رہیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال یا نکاسی آب کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے پہلے ہی بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر رکھا ہے۔