شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیٹے عالیار کے پہلے قدم چلنے کی ویڈیو شیئر کی، لکھا: "وہ چلا اور میں پگھل گیا”
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیٹے عالیار آفریدی کے پہلے قدم چلنے کی خوبصورت ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو ایک خوشگوار لمحہ دکھا دیا۔
شاہین شاہ ان دنوں اپنے سسر اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں، جہاں وہ اہل خانہ کے ساتھ قیمتی لمحات گزار رہے ہیں۔ اس دوران کرکٹر نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں اُن کا ننھا بیٹا عالیار اپنے چھوٹے چھوٹے قدموں پر چلنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے۔
ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے جذباتی انداز میں لکھا: "وہ چلا اور میں پگھل گیا، پہلا قدم — والدین کے لیے یہ لمحہ فخر سے بھرا ہوتا ہے۔”
View this post on Instagram
شاہین آفریدی کی اس پوسٹ کو دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں مداحوں نے لائیک کیا اور کمنٹس میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عالیار آفریدی کے لیے دعائیں اور محبت بھرے پیغامات بھیجے، جبکہ کئی کرکٹرز اور شوبز شخصیات نے بھی اس پوسٹ پر ردعمل دیا۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی کے ہاں عالیار کی پیدائش گزشتہ برس 24 اگست 2024 کو ہوئی تھی۔ عالیار کی یہ پہلی ویڈیو نہیں جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہو، اس سے قبل شاہد آفریدی بھی اپنے نواسے کے ہمراہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر چکے ہیں جنہیں مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نہ صرف میدان میں اپنی رفتار اور مہارت کے باعث جانے جاتے ہیں بلکہ نجی زندگی میں بھی وہ ایک محبت کرنے والے شوہر اور باپ کے طور پر مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو پاکستانی سوشل میڈیا پر جذباتی اور دل موہ لینے والے لمحات کی ایک نئی جھلک بن چکی ہے۔