یوم عاشور، امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت، ملک بھر میں جلوس و مجالس

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور سمیت ملک بھر میں یوم عاشور نہایت عقیدت، احترام اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں میں ذوالجناح کے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، جن میں نوحہ خوانی، ماتم داری اور مجالسِ عزا کے ذریعے غمِ حسینؓ کا اظہار کیا گیا۔

latest urdu news

لاہور میں تاریخی نثار حویلی سے جلوس برآمد ہو کر امام بارگاہ کربلا گامے شاہ کی جانب گامزن ہے، جہاں اسے اختتام پذیر ہونا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کراچی میں نشتر پارک سے جلوس نکلا، جو تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق حسین سے جلوس نکالا گیا، جبکہ پشاور، کوئٹہ، ملتان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی ماتمی جلوس مقررہ روایتی راستوں سے گزر رہے ہیں۔

اس موقع پر پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں نے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے، متعدد شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ 9 محرم کو بھی ملک بھر میں مجالس اور جلوس نکالے گئے تھے، جو بخیروعافیت اختتام کو پہنچے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت ہمیں سچائی، صداقت، عدل اور خدا کی رضا کی خاطر قربانی کا سبق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؓ کا پیغام ہمیں ظلم و جبر کے آگے نہ جھکنے کی تلقین کرتا ہے، اور موجودہ ملکی حالات میں ہمیں بطور قوم حسینی کردار اپنانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد حق و باطل کے معرکے کا ابدی پیغام ہے، مریم نواز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کربلا کا معرکہ رہتی دنیا تک انسانیت کو صبر، قربانی، اصول پسندی اور حق گوئی کا درس دیتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم واقعۂ کربلا کی روشنی میں اپنی قومی سمت کا تعین کریں تو پاکستان ایک خوددار اور فلاحی ریاست میں ڈھل سکتا ہے۔

یاد رہے کہ یوم عاشور ہر سال 10 محرم الحرام کو نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے کربلا کے میدان میں دینِ حق کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس دن کی نسبت سے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جاتی ہے، جبکہ حکومت اور مذہبی قیادت امن و اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter