وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ عاشور پر پیغام میں حضرت امام حسینؓ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کربلا کو انسانیت، حق گوئی اور ظلم کے خلاف جہاد کا روشن مینار قرار دیا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا کا واقعہ صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں، بلکہ حق و باطل کے معرکے میں استقامت، قربانی اور اصولوں پر ڈٹ جانے کا ابدی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول ﷺ نے ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف جو بے مثال قربانی پیش کی، وہ رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے عظیم ساتھیوں کی شہادت تاریخ کا ایسا درخشاں باب ہے جو ہر دور میں ظلم کے خلاف اٹھنے والی آواز کو توانائی بخشتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی شہادت نے یہ سچ واضح کر دیا کہ فانی تخت و تاج کے مقابلے میں اصول، سچائی اور ایمان ہمیشہ باقی رہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حسنؓ اور حسینؓ، حضور نبی اکرم ﷺ کے وہ عظیم پھول ہیں جن کی خوشبو تا قیامت عالمِ اسلام کو رشد و ہدایت عطا کرتی رہے گی۔ امام حسینؓ کی تحریک صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ وہ پیغام ہے جو ہمیں انفرادی اصلاح، باہمی اتحاد اور اجتماعی فلاح کی طرف بلاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیعہ عَلم کی تاریخ: آغاز، ارتقاء اور علامتی مفہوم
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ عاشور ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ حق گوئی، جرأت، قربانی اور صبر کا عملی مظاہرہ ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔ کربلا کی یاد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ باطل کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، حق کی روشنی بجھائی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں امامِ عالی مقامؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنے معاشرے میں ظلم، ناانصافی اور تفرقہ بازی کا خاتمہ کر کے ایک صالح اور پُرامن سماج کی بنیاد رکھ سکیں۔
یاد رہے کہ حضرت امام حسینؓ نے 10 محرم 61 ہجری کو میدانِ کربلا میں یزیدی ظلم کے خلاف اپنی جان قربان کر دی تھی۔ ان کی قربانی آج بھی حریت، انصاف اور حق پر ڈٹ جانے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اسلامی دنیا میں یومِ عاشور نہ صرف غم و سوگ کا دن ہے بلکہ سچائی کی بقا کا استعارہ بھی ہے۔