رانا ثناء اللہ نے ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں کہا کہ عمران خان نے قید واقعی کاٹی، انہیں جیل برداشت کرنے پر پورے نمبر دیتا ہوں، ن لیگ میں مریم نواز قیادت سنبھال سکتی ہیں۔
لاہور: (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے معروف صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران دلچسپ گفتگو کی اور قید و بند کی صعوبتوں کے حوالے سے عمران خان کی جرأت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگر جیل کاٹنے کے 10 نمبر ہوں تو میں عمران خان کو 10 میں سے 10 نمبر دوں گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جیل کا مطلب صرف یہ نہیں کہ آپ کو کیا کھانے کو ملتا ہے یا کہاں سلایا جاتا ہے، اصل اذیت قید میں قید ہونا ہے۔ اگر کسی کو جیل میں سونے اور ہیروں سے بھی نوازا جائے، تب بھی تنہائی اور قید کا درد اپنی جگہ رہتا ہے۔ اس تناظر میں عمران خان نے جیل کاٹ کر جو صبر دکھایا، وہ قابلِ ذکر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے سامنے کئی بار کھل کر بات کی ہے، حتیٰ کہ یہ بھی کہا کہ بعض چیزیں درست نہیں ہو رہی تھیں۔ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ وہ ن لیگ میں کسی کا "بندہ” نہیں ہیں بلکہ ایک خودمختار سوچ رکھنے والے سیاستدان ہیں۔
مریم نواز کی قیادت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ کو نواز شریف اور شہباز شریف کے بعد کسی ایک شخصیت پر متفق ہونا ہے تو وہ مریم نواز ہی ہو سکتی ہیں، کیونکہ ان میں وہ قائدانہ صلاحیت موجود ہے جو پارٹی کو یکجا رکھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیل میں قید افراد سے مذاکرات نہیں ہوں گے ، رانا ثناءاللہ
حمزہ شہباز کے کردار سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر حمزہ بھی شہباز شریف کی طرح ایک قدم پیچھے رہ کر حمایت کریں تو وہ مریم نواز کے لیے ایک مضبوط ستون ثابت ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ خود بھی قید و بند کی صعوبتیں جھیل چکے ہیں اور اپنے بیانات میں اکثر جیل میں گزارے گئے وقت کا حوالہ دیتے ہیں۔ اس تازہ گفتگو میں انہوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عمران خان کی جرات اور برداشت کو تسلیم کیا، جو ملکی سیاست میں ایک نیا بیانیہ بن سکتا ہے۔