بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں کئی بڑے ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ برمنگھم میں جاری ہے، جہاں شبھمن گل نے دوسرے روز بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں 269 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ہے، جو کئی حوالوں سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔
269 رنز کی باری کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بھارتی کپتان بن گئے ہیں، یوں انہوں نے ویرات کوہلی کا 2019 میں بنایا گیا 254 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کپتان بھی بن گئے ہیں۔
شبھمن گل نے محمد اظہرالدین کا 35 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑا، جنہوں نے 1990 میں مانچسٹر میں 179 رنز بنائے تھے۔ یہی نہیں، بلکہ گل اب انگلینڈ میں ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بھارتی کھلاڑی بھی بن چکے ہیں، انہوں نے سنیل گواسکر کا 1979 میں اوول کے میدان میں بنایا گیا 221 رنز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے تیسرے دن کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے ہیں۔ یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ نے جیتا تھا، اس لیے بھارت کو اس میچ میں فتح کی اشد ضرورت ہے۔
شبھمن گل کی یہ اننگز نہ صرف ان کے کیریئر کا سنگِ میل ہے بلکہ بھارتی ٹیسٹ تاریخ میں بھی ایک یادگار باب کا اضافہ ہے۔