پاک فوج نے افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کی دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 30 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ دہشت گرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ بھارت کی مکمل سرپرستی میں پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں یکم اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات کی گئیں، جن میں سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر ردِعمل کے ذریعے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ مارے جانے والے تمام دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق، دہشت گردوں کی یہ دراندازی اگر کامیاب ہو جاتی تو ملک میں ایک بڑا سانحہ رونما ہو سکتا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی سے پاکستان ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔
آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور سکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی، بالخصوص بھارت کی پشت پناہی میں ہونے والی کارروائیوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
پاک فوج نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگرد گروہوں اور غیر ملکی پراکسیز کے استعمال سے روکے اور ایسے عناصر کے خلاف عملی کارروائی کرے جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہیں۔