لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک نجی فارم ہاؤس میں شیر کے حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ فیملی شیر کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے فارم ہاؤس آئی تھی، جہاں حفاظتی اقدامات میں سنگین غفلت کے باعث شیرجنگلے سے باہر نکل آیا اور اس نے موقع پر موجود افراد پر حملہ کر دیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ تیسرے فرد کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فارم ہاؤس کو خالی کرا لیا گیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شیر کو جس پنجرے میں رکھا گیا تھا وہ مناسب طریقے سے بند نہیں تھا، جس کے باعث یہ خطرناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک اور متعلقہ انتظامیہ کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی پر بھی انکوائری جاری ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک جانوروں کو غیر محفوظ مقامات پر رکھنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔