دنیا کے ممتاز فیشن برانڈ ’لوئس ویٹون‘ نے اپنی اسپرنگ اینڈ سمر 2026 مردانہ کلیکشن میں ایک ایسی تخلیق متعارف کرائی ہے جس نے فیشن حلقوں اور سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، اس کلیکشن کی تخلیقی قیادت عالمی شہرت یافتہ گلوکار اور ڈیزائنر فریل ولیمز نے کی، جنہوں نے ایشیائی ثقافت کے رنگوں کو ہائی فیشن میں سمو کر ایک نیا باب رقم کیا۔
کلیکشن میں شامل سب سے منفرد اور توجہ طلب آئٹم آٹو رکشہ کی شکل میں بنایا گیا ایک شاندار بیگ ہے، جسے لوئس ویٹون کے کلاسک مونوگرام کینوس سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ بیگ نہ صرف اپنی ظاہری بناوٹ بلکہ فنی مہارت اور تخلیقی سوچ کی وجہ سے بھی فیشن کی دنیا میں ایک انقلابی قدم سمجھا جا رہا ہے، اس میں استعمال ہونے والے ہینڈلز اور چھوٹے پہیے اعلیٰ معیار کے چمڑے سے تیار کیے گئے ہیں، جب کہ اس کا مجموعی ڈیزائن ایک مکمل آٹو رکشہ کی جھلک دیتا ہے، یہ محض ایک فیشن اسٹیٹمنٹ نہیں بلکہ ایک ثقافتی علامت بھی ہے، جو جنوبی ایشیا کے روزمرہ مناظر کو عالمی سطح پر ایک آرٹسٹک انداز میں پیش کرتا ہے۔
انسٹاگرام پر فیشن کریئیٹر ’ڈائٹپرتھا‘ نے اس بیگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہاکہ ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ بیگ ہم پر قبضہ کرنے آیا ہو مذاق کر رہا ہوں! مگر این آر آئیز اس پر دل ہار جائیں گے،یہ جملہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ یہ بیگ نہ صرف جمالیاتی لحاظ سے دلکش ہے بلکہ مزاح اور ثقافتی پہچان کا امتزاج بھی رکھتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ لوئس ویٹون نے غیر روایتی اشکال میں بیگز متعارف کرائے ہوں۔ اس سے پہلے وہ جہاز، ڈولفن اور دیگر منفرد ڈیزائنز بھی پیش کر چکا ہے، تاہم آٹو رکشہ بیگ اپنی انفرادیت، ثقافتی وابستگی اور جمالیاتی تفصیل کے باعث سب سے نمایاں نظر آ رہا ہے، توقع ہے کہ یہ بیگ ایک دل دہلا دینے والی قیمت پر مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا، تاہم اس کی اصل قیمت اس میں جھلکتی ہوئی تخلیقی فکر، فنکارانہ مہارت اور تہذیبی گہرائی ہے۔
یاد رہے کہ لوئس ویٹون دنیا کے ان چند فیشن برانڈز میں شامل ہے جو روایتی فیشن کے دائرے سے ہٹ کر ثقافتوں کو جدید انداز میں پیش کرتے ہیں، اور اس آٹو رکشہ بیگ کے ذریعے اس نے ایک بار پھر فیشن میں روایت اور جدت کا حسین امتزاج دکھا دیا ہے۔