وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا جھنگ کا دورہ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے عشرۂ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع جھنگ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی انتظامات، مجالس کی مانیٹرنگ، اور شہری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور بم ڈسپوزل اسکواڈز کی تعیناتی مکمل کی جا چکی ہے۔

latest urdu news

اجلاس میں کمشنر فیصل آباد مریم خان، آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر، رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی، سابق اراکین اسمبلی محمد اسلم بھروانہ، محمد یعقوب شیخ، فیصل حیات جبوآنہ، خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال اور دیگر ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، علما اور مجالس کے منتظمین نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے متعلقہ اداروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے رابطے کو مؤثر رکھنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی، صفائی، روشنی، صحت و ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزرا کو اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ انتظامات کا خود جائزہ لیا جا سکے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter