وانا میں پولیس پر حملہ : ڈی ایس پی شدید زخمی ، گن مین لاپتا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وانا ، جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) شدید زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا گن مین حملے کے بعد سے لاپتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ڈی ایس پی رحمن کی قیادت میں پولیس ٹیم وانا سے توئے خلہ کی جانب روانہ تھی۔ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی رحمن شدید زخمی ہو گئے۔

latest urdu news

زخمی افسر کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈی ایس پی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید بہتر علاج کے لیے منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ڈی ایس پی کا گن مین لاپتا ہو گیا ہے، جس کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سیکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں، تاحال حملے کے محرکات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کا علاقہ پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے، اور سیکیورٹی صورتحال میں حالیہ مہینوں میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter