51
گجرات،ضلع بھر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، حالیہ واقعات میں کنجاہ، سیداگول، لالہ موسیٰ اور اتوالہ کھاریاں سے شہریوں کی موٹر سائیکلیں نامعلوم چور چرا کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ افراد نے متعلقہ تھانوں میں رپورٹ درج کرا دی ہے اور پولیس نے مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے، تاحال کسی بھی واردات میں ملزمان کی نشاندہی یا گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چوروں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں جبکہ پولیس گشت اور نگرانی ناکافی دکھائی دیتی ہے،شہریوں نے ضلعی پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل چوریوں کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور گشت میں اضافہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ گجرات اور اس کے گردونواح میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں، جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔