حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز، 9 جولائی آخری تاریخ مقرر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق خواہشمند افراد آن لائن پورٹل یا 15 نامزد بینکوں کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 9 جولائی 2025 تک جاری رہے گا اور اس کے بعد کسی کو رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے بعد امیدواروں کو سرکاری یا پرائیویٹ حج اسکیم کے انتخاب کا اختیار حاصل ہوگا، اس کے ساتھ ہی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاکستانی پاسپورٹ کی بنیاد پر آن لائن رجسٹریشن جلد از جلد مکمل کر لیں۔

latest urdu news

وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن تمام پاکستانی عازمینِ حج کے لیے لازمی قرار دی گئی ہے۔ بغیر رجسٹریشن کے کوئی بھی شہری حج 2026 کے لیے اہل نہیں ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حج پیکیج کی قیمت، سہولیات اور شرائط و ضوابط حج پالیسی 2026 کے تحت جلد جاری کی جائیں گی، اس ضمن میں عوام کو مکمل آگاہی دی جائے گی تاکہ کوئی ابہام نہ رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں حکومت نے حج کے انتظامات کو مزید منظم اور شفاف بنانے کے لیے پہلے سے رجسٹریشن کی شرط لازمی قرار دی ہے، تاکہ بروقت قرعہ اندازی، دستاویزات کی تیاری اور لاجسٹکس میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter