کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس اہلکاروں کے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، گرفتار کیے گئے 6 نوجوان پولیس کی وردیوں میں ملبوس ہو کر شہریوں کو تلاشی کے بہانے روک رہے تھے۔ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب پولیس گشت پر تھی اور مشکوک حرکات کرنے والے افراد کو موقع پر روکا گیا۔
تھانہ ساحل میں سب انسپکٹر اختر حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ دوران گشت تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نوجوان پولیس کی وردی میں موجود تھے اور ان کے انداز مشکوک تھے۔ جب ان سے سرکاری سروس کارڈ مانگا گیا تو وہ کوئی شناختی ثبوت پیش نہ کر سکے۔
ملزمان کی شناخت شہریار خان، محمد رضوان، یوسف خان، نور فراز، محمد کاشف اور حماد کے ناموں سے ہوئی ہے،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور شہریوں پر رعب ڈالنےکے لیے پولیس وردی پہنتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں کہ آیا ان افراد نے پولیس وردی کا استعمال کسی مجرمانہ مقصد کے لیے بھی کیا یا نہیں۔
یاد رہے کہ جعلی وردی پہن کر عوام کو گمراہ کرنا نہ صرف قابل گرفت جرم ہے بلکہ اس سے شہریوں کا اداروں پر اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے، پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وردی میں موجود کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دی جائے۔