کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا ترقیاتی بجٹ صرف اعداد و شمار یا فنڈز کی تقسیم نہیں بلکہ عوامی زندگی کو بنیادی سطح پر بہتر بنانے کا ایک جامع وژن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں اور قیادت کے وژن کا تسلسل ہے، جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کی عکاسی کرتا ہے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ رواں مالی سال کے لیے ایک ٹریلین روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرکے سندھ حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات میں یقین رکھتی ہے،انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور بینظیرآباد جیسے اہم ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے لیے سات، سات ارب روپے کے ترقیاتی پیکیجز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کراچی میں جاری اہم منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کورنگی کازوے کی تعمیر اور شاہراہِ بھٹو کی توسیع جیسے اقدامات شہر میں ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے اور شہری آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مزید برآں، انہوں نے کراچی کے دیرینہ پانی بحران پر قابو پانے کے لیے پانچ میگا گیلن روزانہ (ایم جی ڈی) صلاحیت کے سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا، جنہیں جلد مکمل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ چند سالوں میں کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے، تاہم عوامی حلقوں میں اکثر ان کے معیار اور شفافیت پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ اس بار حکومت کا دعویٰ ہے کہ بجٹ نہ صرف بڑا ہے بلکہ مکمل طور پر عوامی مفاد اور دیرپا ترقی پر مرکوز ہے۔