مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد رضا کوٹلہ نے بڑھتے ہوئے بجلی کے نرخوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ مراعات یافتہ طبقہ آج بھی ان بلوں سے استثنا حاصل کیے بیٹھا ہے۔ یہ دہرا معیار کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک عام شہری اگر دو سو یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرے تو اسے اگلے چھ ماہ تک ہزاروں روپے کے بل ادا کرنا پڑیں، جبکہ طاقتور طبقہ ہر طرح کی سبسڈی اور رعایت سے فائدہ اٹھاتا رہے۔
عابد رضا کا کہنا تھا کہ حکومت کو فوری طور پر اس غیر منصفانہ نظام کا خاتمہ کرنا چاہیے، کیونکہ ایسے اقدامات عوام اور حکمرانوں کے درمیان خلیج پیدا کرتے ہیں۔ "ریاست کو اگر عوامی اعتماد بحال رکھنا ہے تو اسے ہر شہری کے ساتھ مساوی سلوک کرنا ہوگا،” ان کا کہنا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صرف واقعی مستحق افراد کو رعایت دی جائے، جبکہ وسائل رکھنے والوں کو عوام کے برابر بجلی کے نرخوں کا سامنا کرنا چاہیے۔
عابد رضا کوٹلہ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ معاشی دباؤ کے شکار شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرے، بصورت دیگر عوامی ردعمل مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔