امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ: اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر اصولی اتفاق کر لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لیے ان کے نمائندوں اور اسرائیلی حکام کے درمیان ایک طویل اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا: "ہم اس 60 روزہ جنگ بندی کے دوران تمام فریقین کے ساتھ مل کر مکمل امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کام کریں گے۔”
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ اگلے ہفتے تک ممکن ہو سکتا ہے۔ ایک صحافی کے سوال کے جواب میں، کہ آیا اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے 7 جولائی کو وائٹ ہاؤس کے دورے سے قبل جنگ بندی ممکن ہے؟ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس پر قوی امید ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ یہ سفارتی ملاقات ممکنہ طور پر مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔