پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتے ہی کرایوں میں اضافہ، لاہور سے مختلف شہروں کے کرایے 50 سے 300 روپے تک بڑھ گئے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سفر مہنگا ہو گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے متعدد روٹس پر 50 سے 300 روپے تک بڑھا دیے ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے فیصل آباد، بھلوال، چکوال اور سیالکوٹ کے روٹس پر 50 روپے، جب کہ اسلام آباد، میرپور، کوٹلی اور کراچی جیسے طویل روٹس پر 200 سے 300 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے سیالکوٹ جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 700 روپے سے بڑھا کر 750 روپے، اور کوٹلی کا کرایہ 2000 سے بڑھا کر 2300 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح چکوال، ساہیوال، بھلوال اور جھاوریاں جانے والوں کو بھی 50 سے 100 روپے اضافی ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے، جس کے باعث کرایے بڑھانا ناگزیر ہو گیا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے شکایات کی ہیں کہ کرایوں میں اضافہ اکثر سرکاری منظوری سے پہلے ہی نافذ کر دیا جاتا ہے، اور قیمتوں کے تعین میں قانونی ضابطوں کو بھی نظرانداز کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 7 سے 9 روپے کا اضافہ کیا ہے، جس کے فوری اثرات نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ عوامی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کرایوں کے تعین کے لیے باقاعدہ نگرانی اور ریگولیٹری نظام کو مؤثر بنایا جائے۔