اے این ایف نے 9 مختلف کارروائیوں میں 76.38 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں، تعلیمی اداروں کے قریب طلبہ کو منشیات فروخت کرنے والے بھی گرفتار
کراچی، اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 کامیاب کارروائیوں میں نائجیرین باشندے، ایک خاتون اور دیگر ملزمان سمیت 14 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 76.38 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
سیالکوٹ میں کالج کے قریب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان سے 60 گرام ہیروئن اور 300 گرام آئس برآمد ہوئی، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ اسلام آباد کے کہوٹہ روڈ پر یونیورسٹی کے قریب سے ایک ملزم سے 100 گرام کوکین برآمد کی گئی، جس نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین سے آنے والے نائجیرین باشندے کے پیٹ سے 40 کیپسول برآمد ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 720 گرام کوکین موجود تھی۔ علاوہ ازیں، کوئٹہ کے زیرو پوائنٹ ہائی وے کے قریب ایک گاڑی سے 54 کلوگرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد کے کھنہ پل، پشاور کے رنگ روڈ، لاہور کے راوی ٹول پلازہ اور ڈی جی خان کے تونمی موڑ سمیت مختلف مقامات سے بھی بھاری مقدار میں چرس اور آئس برآمد کی گئی، جبکہ کئی موٹرسائیکل سوار اسمگلر بھی گرفتار ہوئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اے این ایف کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اے این ایف نے حالیہ برسوں میں تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے، اور عوام سے بھی مشتبہ حرکات کی اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔