بیوی کو بچانے کی کوشش، شوہر نہر میں ڈوب کر جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بہاولنگر میں ناراض بیوی کو بچانے کی کوشش میں شوہر نہر میں ڈوب گیا، 12 غوطہ خوروں نے لاش نکالی، واقعے نے علاقہ سوگوار کر دیا۔

بہاولنگر، پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے علاقے منڈی صادق گنج میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ناراض بیوی کو خودکشی سے بچانے کی کوشش میں نوجوان شوہر اپنی جان کی بازی ہار گیا۔ 22 سالہ شاہد میواتی، جو کہ ضلع قصور کے کنگن پور کا رہائشی تھا، صادقیہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

latest urdu news

واقعے کی تفصیلات کے مطابق، شاہد نے چھ ماہ قبل منڈی صادق گنج کی 19 سالہ سلمیٰ سے شادی کی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد میاں بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور سلمیٰ ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر منتقل ہو گئی۔ ہفتے کے روز شاہد اُسے منانے کے لیے سسرال پہنچا، لیکن دونوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران سلمیٰ نے غصے میں آ کر صادقیہ نہر میں چھلانگ لگا دی۔

شاہد، جو تیرنا نہیں جانتا تھا، اپنی بیوی کو بچانے کے لیے فوراً نہر میں کود پڑا۔ اہل علاقہ کی چیخ و پکار پر مقامی افراد جمع ہو گئے اور سلمیٰ کو تو بچا لیا گیا، لیکن شاہد نہر کی تیز لہروں میں بہہ گیا۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان عتیق الرحمان کے مطابق، امدادی ٹیم میں شامل 12 غوطہ خوروں نے کئی گھنٹوں کی مسلسل تلاش کے بعد شاہد کی لاش نہر سے نکال لی۔

واقعے کے بعد علاقہ سوگ میں ڈوب گیا ہے، جبکہ مقتول کے اہل خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔ اس سانحے نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں ہر سال درجنوں افراد نہروں میں ڈوب کر جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جن میں اکثریت تیرنا نہ جاننے والوں کی ہوتی ہے۔ عوامی سطح پر ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات کی شدید ضرورت ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter