بجلی کے بلوں میں سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کا بڑا قدم، جولائی 2025 سے بجلی بلوں میں سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔

اسلام آباد: مہنگائی کے دباؤ میں پسے عوام کے لیے حکومت نے بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ’’الیکٹریسٹی ڈیوٹی‘‘ کی وصولی ختم کر دی جائے گی۔

latest urdu news

اس سلسلے میں انہوں نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر تعاون طلب کیا ہے تاکہ صارفین پر موجودہ مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے مہنگے نرخ ایک اہم چیلنج ہیں اور بلوں میں شامل مختلف نان الیکٹریسٹی چارجز و ٹیکسز صارفین کے لیے الجھن کا سبب بن رہے ہیں۔ اویس لغاری نے خط میں ان مسائل کے حل اور نظام کو سادہ اور شفاف بنانے پر زور دیا۔ وفاقی حکومت نے خط میں آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرِ ثانی اور اسٹرکچرل ریفارمز کا بھی ذکر کیا ہے۔ اویس لغاری نے تجویز دی کہ صوبائی حکومتیں اپنی محصولات اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے بجلی کے بلوں کے بجائے متبادل طریقۂ کار اپنائیں تاکہ بل صرف بجلی کی قیمت کی ادائیگی تک محدود رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف بلوں کو سمجھنا آسان ہوگا بلکہ صارفین کا اعتماد بھی بحال کیا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے تمام وزرائے اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ اس عمل میں متبادل طریقوں کی نشاندہی کریں اور ان پر عمل درآمد کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بجلی کے بلوں میں مختلف سرچارجز اور محصولات کو ختم کرنے کی باتیں ہوتی رہی ہیں، تاہم عملی طور پر یہ پہلا قدم ہوگا جب وفاقی حکومت نے الیکٹریسٹی ڈیوٹی کو بلوں سے نکالنے کا باضابطہ فیصلہ کیا ہے۔ صارفین اور ماہرین اسے بجلی نظام میں بہتری اور عوامی سہولت کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter