اب سیلون مفت نہیں ملے گا، غیر ملکی دورے بند ، وزیرِ ریلوے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے اصلاحات کے سلسلے میں بڑے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے افسران کے غیر ملکی دورے ختم کر دیے گئے ہیں اور اب کوئی افسر سیلون مفت استعمال نہیں کر سکے گا۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر برقی سیڑھیوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے سیلون اب عوام کی ملکیت ہے اور اس کا استعمال صرف کرایہ ادا کر کے ممکن ہوگا، چاہے وہ سی ای او ہو یا چیئرمین۔

انہوں نے کہا کہ 350 ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبے پر کام جاری ہے، اور ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ 40 ریلوے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی سے معاہدہ ہو چکا ہے۔ ملتان اور خانیوال جیسے شہروں میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، اور اسی طرز پر کراچی ریلوے کو بھی بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔

latest urdu news

حنیف عباسی نے واضح کیا کہ کراچی سے روہڑی تک کی مین لائن کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جو ٹرینوں کی تاخیر کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دو سے تین سالوں میں اس ٹریک کی تعمیر نو مکمل کر لی جائے گی۔ ایم ایل ون منصوبے کی کامیابی اسی ٹریک کی بہتری سے مشروط ہے۔

وزیرِ ریلوے نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر 19 تاریخ سے جدید ٹرین چلائی جائے گی، جس میں 40 نئی کوچز شامل ہوں گی۔ لاہور اور راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر ویٹنگ ایریاز بنائے جا رہے ہیں، اور پنجاب حکومت کے ساتھ ایم او یو بھی جلد سائن کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے افسران کو اب 14 دن کی چھٹیوں پر بیرونِ ملک بھیجنے کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے کیونکہ "ریلوے پر ڈالرز کی بارش نہیں ہو رہی”۔ اب ہر افسر کو سفر کے لیے اپنی جیب سے سیلون کا کرایہ دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ سیفٹی کے لیے چاروں صوبوں میں ریلوے اسٹیشنز پر متعلقہ اتھارٹیز کو انسپیکشن کے اختیارات دیے جائیں گے، اور فرنٹ ڈیسک و ماڈل ٹک شاپ جیسے نئے منصوبوں کے ذریعے مسافروں کی سہولتوں میں بہتری لائی جائے گی۔

حنیف عباسی نے زور دیا کہ پاکستان ریلویز کی اپ لفٹنگ کے بغیر ملک کی معیشت بہتر نہیں ہو سکتی، اور موجودہ اقدامات محض وعدے نہیں بلکہ عملی تبدیلیوں کا آغاز ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter