اسلام آباد، مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت کی جانب سے ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ متوقع ہے،ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 11 روپے اور 15 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے، جو موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں عوام پر براہ راست اثر ڈالے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے، اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آج قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزیر خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کر کے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔
ذرائع نے عالمی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مقامی سطح پر روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ مجوزہ اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ ماضی قریب میں بھی حکومت کئی بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پٹرول بم ایک بار پھر عوامی مشکلات میں شدید اضافہ کرے گا۔