مری: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دریائے سوات میں سیلابی ریلے سے ایک ہی خاندان کے 15 افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت مدد فراہم کی جاتی تو کئی قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
انہوں نے مری کے علاقے گھوڑا گلی میں قائم اسکاؤٹس کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا، جہاں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم پاکستان کے پہلے چیف اسکاؤٹ تھے اور اسکاؤٹنگ کسی بھی مہذب معاشرے کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ نوجوان اسکاؤٹس جذبۂ خدمت سے سرشار ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ نوجوانوں کو منشیات، تخریب کاری اور غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں ایک مفید شہری بنایا جا سکے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، اور ایک مخصوص طبقہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کو کمزور کرنے کی منظم کوشش کرتا رہا، لیکن ہمارے جذبے نے ان تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے اسکاؤٹس کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے جذبے نے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کے نوجوان اپنے وطن کے لیے متحد اور بیدار ہیں۔
سانحۂ سوات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اس المیے نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا ہے، اور ریاستی اداروں کو اس واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں بروقت امدادی کارروائیوں کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔
عسکری قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی عزائم کو خاک میں ملا کر دنیا میں اپنی قیادت اور دفاعی حکمتِ عملی کا لوہا منوایا، اور امریکہ سمیت عالمی برادری نے ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے۔
آخر میں اسکاؤٹس کی جانب سے ملی نغمے پیش کیے گئے، جبکہ گورنر پنجاب نے نوجوانوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل دریائے سوات میں ناشتہ اور سیلفیاں لینے کے دوران اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں 17 افراد پھنس گئے تھے، جن میں سے 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس افسوسناک واقعے پر شوبز شخصیات، عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ غفلت کے مرتکب افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔