بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم، وزیراعظم کا اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” ایپ کا اجراء

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا، ساتھ ہی "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” ایپ متعارف کرا دی، جس سے اوور بلنگ اور کرپشن پر قابو پانے کی امید۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ یہ اعلان اسلام آباد میں "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے عنوان سے متعارف کرائی گئی نئی موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد میٹر ریڈنگ کے نظام کو شفاف بنانا اور اوور بلنگ سے نجات دلانا ہے۔

latest urdu news

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف صارفین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک قدم ہے بلکہ توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کی سمت ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی گئی ہیں، اور ڈسکوز بورڈز میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کی گئی ہیں تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں بجلی کی بنیادی قیمتوں میں متوقع اضافے کا خدشہ تھا، جو عوام پر منتقل نہ ہو، اس کے لیے حکومت نے کوششیں کیں۔ اسی تسلسل میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ بھی عوامی بوجھ کم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر سال 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، جو توانائی کے شعبے کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر انرجی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پاکستان خوش قسمتی سے ان ممالک میں شامل ہے جہاں تیزی سے سولرائزیشن ہو رہی ہے۔

"اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” ایپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نظام عام صارف کو اختیار دیتا ہے کہ وہ اپنی میٹر ریڈنگ خود درج کرے، جس سے کرپشن، غلط ریڈنگ اور اوور بلنگ پر قابو پایا جا سکے گا۔ یہ ایپ فی الحال 5 زبانوں میں متعارف کرائی گئی ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ اسے پشاور سے کراچی تک ہر گھر میں متعارف کرایا جائے۔

تقریب میں وزیر توانائی اویس لغاری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اوور بلنگ صارفین کے ساتھ سب سے بڑا ظلم رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال اس مد میں 110 ارب روپے صارفین کو واپس کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عام صارف کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ ہر فرد کو اس کا صحیح اور شفاف بل مل سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بلوں میں برسوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس شامل کی جاتی رہی ہے، جس پر مختلف حلقے اعتراض کرتے رہے ہیں۔ شہباز شریف کا یہ اقدام صارفین کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل اور بجلی کے نظام میں شفافیت لانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter