آئندہ 48 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
اسلام آباد،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے خبردار کر دیا ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں متعلقہ محکموں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ کے کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جو مقامی سطح پر نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔
ادارے کے حکام کے مطابق، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں برفانی گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہونے کے باعث اچانک سیلاب (گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ) کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اس کے علاوہ، آزاد کشمیر کے علاقوں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ یعنی شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور مقامی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی خاص احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف حصوں میں غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جن کے نتیجے میں کئی علاقے پیشگی تیاری نہ ہونے کے باعث شدید متاثر ہوئے۔ این ڈی ایم اے کی موجودہ وارننگ ان ممکنہ خطرات کے پیش نظر بروقت ردعمل کی اپیل ہے۔