بیجنگ میں ایس سی او اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے وزرائے دفاع کی ممکنہ ملاقات کی خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر ایسی کسی ملاقات کی تصدیق نہیں کی گئی۔
بیجنگ: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے دو روزہ اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے وزرائے دفاع کی ممکنہ ملاقات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق یہ ملاقات بدھ سے شروع ہونے والے اجلاس میں ہو سکتی ہے، جو پاک بھارت کشیدگی کے بعد وزارتی سطح پر پہلی ممکنہ ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایس سی او اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف کریں گے، جو پہلے ہی بیجنگ پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ بھی چین میں موجود ہیں اور وہ روس، چین سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقاتیں کریں گے۔ تاہم، فی الوقت راج ناتھ سنگھ اور خواجہ آصف کے درمیان ملاقات طے نہیں کی گئی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو دونوں حریف ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی کی جانب پہلا قدم تصور کیا جائے گا۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی میں تعاون، عسکری روابط اور ایس سی او کی دفاعی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات حالیہ برسوں میں کشیدہ رہے ہیں، اور کسی بھی اعلیٰ سطح ملاقات کو عالمی برادری انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ اس اجلاس کے دوران اگر ملاقات ہوتی ہے تو یہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت وزرائے دفاع کی کسی بھی ممکنہ ملاقات کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی، مگر ایس سی او اجلاس کا پلیٹ فارم باہمی روابط کی بحالی کا ایک اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔