مکہ مکرمہ: رواں سال کے حج کے دوران ایک پاکستانی شہری کو پانچ مرتبہ دل کا دورہ پڑا، مگر سعودی میڈیکل ٹیموں کی بروقت اور مؤثر طبی امداد سے اُن کی جان بچا لی گئی۔ 42 سالہ پاکستانی حاجی شدید گرمی اور جسمانی مشقت کے دوران متعدد بار ہارٹ اٹیک کا شکار ہوئے۔
سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق، متاثرہ حاجی کو نازک حالت میں ایسٹ عرافات اسپتال منتقل کیا گیا جہاں فوری طور پر اُن کی جان بچانے کی کوششیں کی گئیں۔ حالت تشویشناک ہونے کے سبب مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، مگر اُن کی طبیعت مزید خراب ہونے پر انہیں ایئر لفٹ کے ذریعے مکہ مکرمہ کے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا۔
کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں کارڈیالوجی ماہرین نے فوری انجیوپلاسٹی کی، جس کے ذریعے مریض کی بند شریانیں کھولی گئیں۔ اس کے علاوہ، خون کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے دل میں "امپیلا” نامی مکینیکل ڈیوائس بھی نصب کی گئی، جو کہ ایک جدید طبی آلہ ہے۔
ڈاکٹرز کی مسلسل نگرانی اور نگہداشت کے باعث مریض کی حالت میں رفتہ رفتہ بہتری آتی گئی، اور 17 جون کو اُنہیں مکمل صحتیابی کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
یہ واقعہ نہ صرف سعودی عرب کے صحت کے نظام کی استعداد کو ظاہر کرتا ہے، بلکہ یہ بھی واضح کرتا ہے کہ سخت ترین حالات میں بھی اگر بروقت طبی امداد میسر آ جائے تو معجزاتی طور پر زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔