محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے، ملک بھر میں تقریبات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر ملک بھر میں تقریبات، ان کی جمہوری خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے۔

لاہور — پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور شہیدِ جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 72ویں سالگرہ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کے چاہنے والے کیک کاٹنے کی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ محافل کا اہتمام کر رہے ہیں، جہاں ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی لاڈلی بیٹی کو بچپن میں "پنکی” کہا جاتا تھا۔ انہوں نے ہارورڈ اور آکسفورڈ جیسی عالمی جامعات سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور سیاسی بصیرت میں اپنے والد کی ہمراہی میں کئی ممالک کے دورے کیے۔ والد کی گرفتاری اور بعد ازاں پھانسی کے بعد، بے نظیر بھٹو نے کم عمری میں ہی والدہ نصرت بھٹو کے ساتھ مل کر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔

ضیاء الحق کی آمریت کے خلاف بے نظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، جلاوطنی اور پھر 1986 میں وطن واپسی کے موقع پر لاہور میں ان کا تاریخی استقبال ملکی سیاست میں ایک یادگار لمحہ بن گیا۔ 1988 کے عام انتخابات میں وہ ملک کی اور ایشیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں، تاہم 1990 میں ان کی حکومت برطرف کر دی گئی۔ 1993 میں وہ دوبارہ وزیراعظم بنیں، مگر 1996 میں ایک بار پھر حکومت ختم کر دی گئی۔

محترمہ نے طویل جلاوطنی کے بعد 2007 میں وطن واپسی اختیار کی اور انتخابات کی مہم بھرپور انداز میں شروع کی، لیکن بدقسمتی سے 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک جلسے کے بعد واپسی پر دہشتگردی کا نشانہ بن گئیں اور شہید کر دی گئیں۔

یاد رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک باہمت، بااصول اور جمہوری اقدار کی علمبردار رہنما کے طور پر پہچانا جاتا ہے، اور وہ تاریخ میں ہمیشہ ایک ناقابلِ فراموش باب کے طور پر زندہ رہیں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter