آلو اور پیاز ہمارے گھروں میں روزمرہ استعمال ہونے والی ایسی بنیادی سبزیاں ہیں جنہیں ہم اکثر کئی دنوں یا ہفتوں تک محفوظ رکھتے ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ جب یہ پھوٹنے لگتے ہیں، یعنی ان پر ننھے پودے نمودار ہوتے ہیں، تو اکثر لوگ انہیں صاف کرکے کھانے میں استعمال کر لیتے ہیں۔ یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ پھوٹے ہوئے آلو اور پیاز صحت کے لیے محفوظ ہیں؟
آلو کے پھوٹنے سے پیدا ہونے والا زہر
جب آلو پھوٹتے ہیں تو ان میں ایک زہریلا مادہ گلائکوالکلائیڈز (Glycoalkaloids) پیدا ہوتا ہے، جو خاص طور پر سولانائن (Solanine) کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ یہ مادہ ننھے پودے کو پھپھوندی اور کیڑوں سے بچانے کے لیے بنتا ہے، لیکن انسانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے آلو اکثر کڑوے ذائقے کے حامل ہوتے ہیں اور ان کا استعمال متلی، قے، پیٹ درد، اسہال اور سنگین صورتوں میں اعصابی مسائل کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
ماہرین کا مؤقف کیا ہے؟
برطانوی ماہر ڈاکٹر کرس بشپ، جو آلو کی اسٹوریج پر تحقیقی کام کر چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پھوٹے ہوئے یا سبز رنگ اختیار کر جانے والے آلو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتے ہیں اور انہیں ہرگز نہیں کھانا چاہیے۔ ان آلوؤں کو دیکھ کر اگر کڑوا ذائقہ محسوس ہو تو یہ واضح اشارہ ہے کہ وہ زہریلے ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسی (FSA) برطانیہ کی رائے نسبتاً معتدل ہے۔ ان کے مطابق اگر آلو پھوٹنے کے باوجود سخت ہیں، سڑنے یا خراب ہونے کی علامات نہیں رکھتے تو مناسب طریقے سے چھلکا اتار کر اور اُگے ہوئے حصے کو نکال کر استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم پھر بھی احتیاط لازم ہے۔
پیاز اور لہسن کی صورتِ حال مختلف کیوں ہے؟
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، پروفیسر مارٹن کا کہنا ہے کہ پھوٹے ہوئے پیاز اور لہسن آلو کے مقابلے میں زیادہ محفوظ سمجھے جاتے ہیں۔ اگر پیاز یا لہسن نرم نہیں ہوا، سڑ نہیں رہا اور بدبو پیدا نہیں ہوئی تو ان کا استعمال قابلِ قبول ہوتا ہے۔ البتہ اگر ان پر بھی سڑنے یا بدبو کی علامات ہوں تو استعمال سے گریز کیا جائے۔
آلو کو محفوظ کیسے رکھا جائے؟
- آلو کو ٹھنڈی، خشک اور تاریک جگہ پر رکھیں
- درجہ حرارت 3 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہو
- ذخیرہ کرنے سے پہلے آلو کو نہ دھوئیں
- آلو کو پیاز کے قریب نہ رکھیں کیونکہ پیاز نمی اور گیس خارج کرتے ہیں جو آلو کے پھوٹنے کو تیز کرتی ہے
پھوٹے ہوئے آلو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب ان میں سبز رنگ یا کڑوا ذائقہ ہو۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ ایسے آلو استعمال نہ کیے جائیں۔ پیاز اور لہسن میں خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے، مگر پھر بھی محتاط رہنا بہتر ہے۔ گھر میں ذخیرہ شدہ سبزیوں کو باقاعدگی سے چیک کرنا اور مناسب حالات میں رکھنا آپ کو صحت کے بڑے مسائل سے بچا سکتا ہے۔