ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ کی بجائے امن کو ترجیح دی ہے، اور ’بنیان المرصوص‘ میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ امن ہی دراصل اصل جیت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن قوم ہے، جو خطے میں استحکام اور باہمی تعاون کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں سیلانی ویلفیئر کے تحت چلنے والے آئی ٹی پروگرام میں شریک طلبا سے خصوصی نشست کے دوران کہی۔ اس موقع پر طلبا نے اُن کا پُرجوش استقبال کیا اور ملکی سیکیورٹی، دفاع اور نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ معلومات کی جنگ میں پاکستان کا ہراول دستہ ہیں۔ آج کی دنیا میں پروپیگنڈا اور غلط معلومات کے خلاف کھڑا ہونا بھی دفاع کا ایک نیا محاذ ہے، اور خوشی ہے کہ ہماری نوجوان نسل اس محاذ پر متحرک ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج پیشہ ورانہ مہارت، آئینی وفاداری اور ریاستی احکامات کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اور قوم کا اعتماد ان کا اصل سرمایہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں ’نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر‘ کے طور پر اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ اُن کے مطابق پاکستان صرف اپنے دفاع تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام میں کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
طلبا نے نشست کو انتہائی حوصلہ افزا اور متاثر کن قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت کے لیے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اور پاک افواج کے شانہ بشانہ ہر میدان میں کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں۔ نشست کے اختتام پر طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس قسم کی رہنمائی کے مواقع فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کے نعروں نے ماحول کو جذبۂ حب الوطنی سے بھر دیا: "پاکستان زندہ باد!”