اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی علمبردار مشعال ملک نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ امریکی دورے کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک ظہرانہ نہیں، بلکہ پاکستان کی عزت، کشمیریوں کی آواز اور بھارتی وزیراعظم مودی کے جھوٹ پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔
اپنے بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو باور کروا دیا کہ پاکستان صرف ایک ریاست نہیں، بلکہ ایک سچ ہے، اور سچ کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ امریکی صدر کی جانب سے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں دیا گیا عشائیہ اس بات کا بین الاقوامی اعتراف ہے کہ پاکستان کی بات میں وزن اور سچائی ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں پاکستان کی گونج پر دشمن بلبلا اٹھا ہے، بھارتی میڈیا چیخ رہا ہے کیونکہ پاکستان عالمی منظرنامے پر سرخرو ہو کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، اور اب عالمی طاقتیں اس مؤقف کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وژن پاکستان کو تنہائی سے نکال کر ایک باوقار مقام پر لے آیا ہے۔ ان کے بقول، اب بھارت کو سمجھ آ جانا چاہیے کہ کشمیر پر سچ بولنا پڑے گا کیونکہ دنیا خاموش نہیں رہے گی۔
مشعال ملک نے اپنے بیان کا اختتام اس جملے سے کیا کہ "پاکستان جھکتا نہیں، جھکا دیتا ہے”، اور فیلڈ مارشل کی امریکا آمد دراصل پاکستان کی فتح کی دعوت تھی جس نے دنیا کو باور کرا دیا کہ پاکستان امن، وقار اور سچائی کا علمبردار ہے۔
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، جہاں ان کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں خصوصی ظہرانہ دیا گیا، اور اوول آفس میں ہونے والی گفتگو نے پاک-امریکا تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی کا دروازہ کھول دیا ہے۔