پوپ لیو کی ایران و اسرائیل سے تحمل اور مذاکرات کی اپیل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے ایران اور اسرائیل سے ایٹمی خطرات سے بچنے کے لیے تحمل، مکالمے اور عقل و دانش سے کام لینے کی اپیل کر دی۔

پوپ لیو نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ عقل و دانش سے کام لیتے ہوئے مفاہمت کی راہیں تلاش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایٹمی خطرے سے محفوظ رکھنے کا واحد راستہ باہمی احترام، مکالمہ اور امن ہے۔

latest urdu news

پوپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک دوسرے کے وجود کو خطرے میں ڈالنے کا حق نہیں رکھتا۔ یہ وقت ایسے فیصلوں کا متقاضی ہے جن میں عالمی ذمہ داری اور سنجیدگی کی جھلک ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے نازک لمحے میں عقل اور ہوش سے کام لینا انتہائی ضروری ہے تاکہ پوری انسانیت کو ممکنہ تباہی سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے عالمی برادری کو بھی متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کے لیے مؤثر کردار ادا کریں، اختلافات کے خاتمے کے لیے مصالحت اور افہام و تفہیم کی راہیں اپنائیں اور ایسے حل تلاش کریں جو انسانیت کی سلامتی، وقار اور بقا کی ضمانت بن سکیں۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی حالیہ ہفتوں میں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ اسرائیل نے ایران پر پہل کرتے ہوئے اہم تنصیبات پر حملے کیے، جس کے جواب میں ایران نے 200 سے زائد میزائل داغے۔ ان حملوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور خطے میں ایک بڑی جنگ کا خطرہ مسلسل منڈلا رہا ہے۔

اس تناظر میں پوپ لیو کی اپیل عالمی سطح پر تحمل، مذاکرات اور امن کی فضا قائم کرنے کی ایک اہم اخلاقی آواز تصور کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter