کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، شدت 3.2 ریکارڈ، یکم جون سے اب تک 39 جھٹکے محسوس کیے جا چکے۔

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج ہفتے کی صبح ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لانڈھی، شاہ فیصل کالونی کے ملت ٹاؤن، ماروی گوٹھ، قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں صبح 9 بج کر 53 منٹ پر زمین لرز اُٹھی، جس کے بعد لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

latest urdu news

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 اور گہرائی 35 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ جھٹکے لانڈھی فالٹ لائن کی سرگرمیوں کا نتیجہ ہیں، جو ان دنوں مسلسل فعال ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں یکم جون سے زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 39 جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔ اس سے قبل جمعرات، 12 جون کو بھی ملیر، قائد آباد اور مضافاتی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے، جن کی شدت 2.6 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

ماہرین کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن کے تحت زیرِ زمین پرتوں میں توانائی کا مسلسل اخراج ان زلزلوں کی بنیادی وجہ ہے۔ نیشنل سونامی سینٹر کے ڈائریکٹر، امیر حیدر لغاری نے خبردار کیا ہے کہ یہ فالٹ لائن آئندہ چند روز تک فعال رہنے کا امکان رکھتی ہے، لہٰذا شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ کراچی، جو ماضی میں زلزلوں کے لحاظ سے نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا تھا، حالیہ زلزلہ خیزی کے بعد ممکنہ خطرے کی زون میں داخل ہو چکا ہے۔ ماہرین شہریوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ہنگامی اقدامات سے متعلق آگاہی حاصل کریں اور محفوظ مقامات کی نشاندہی پہلے سے کر لیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter