ہفتہ, 7 جون , 2025

منیٰ: حجاج کرام آج بڑے شیطان کی رمی کے بعد قربانی اور احرام کھولنے کے مراحل مکمل کریں گے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

حج کے اہم دن کی ادائیگی کے دوران حجاج آج منیٰ میں بڑے شیطان کی رمی کریں گے، قربانی اور حلق کے بعد احرام کھول کر عام لباس میں طواف زیارت اور سعی کے لیے مسجدالحرام روانہ ہوں گے۔

دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان حجاج کرام آج منیٰ میں حج کے اہم رکن رمی جمرہ کبریٰ یعنی بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کی عبادت ادا کر رہے ہیں،مرد حجاج اس کے بعد قربانی کر کے حلق یا قصر کروائیں گے اور احرام کھول کر عام لباس پہن لیں گے، خواتین بھی قربانی کے بعد احرام سے باہر آ جائیں گی۔

latest urdu news

اس اہم مرحلے کے بعد حجاج عام لباس میں مسجد الحرام جائیں گے جہاں وہ طواف زیارت ادا کریں گے، جو حج کا لازمی رکن ہے، طواف کے بعد صفا و مروہ کی سعی بھی عام لباس میں ادا کی جائے گی۔

وقوف عرفہ کی روح پرور ساعتوں کے بعد گزشتہ شب حجاج مزدلفہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کیں، صبح کے وقت یہ قافلے منیٰ پہنچے تاکہ بڑے شیطان کو رمی کی جائے۔

اس سال مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ امام کعبہ شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے دیا، خطبۂ حج میں انہوں نے فلسطینیوں کی مدد و نصرت کے لیے دعا کی، ساتھ ہی عالم اسلام کو تقویٰ، اتحاد اور اللہ و اس کے رسول کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی،خطبہ میں امن، رحم اور اخوت کا پیغام بھی اجاگر کیا گیا۔

یاد رہے کہ رمی، قربانی، حلق یا قصر اور طواف زیارت کے بعد حجاج مناسک حج کے بیشتر فرائض ادا کر چکے ہوتے ہیں، جب کہ باقی ایام تشریق میں منیٰ میں قیام اور جمرات کی رمی باقی رہتی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter