وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب روانہ ہوں گے، بھارتی جارحیت کے خلاف حمایت پر اظہار تشکر کریں گے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے، اعلیٰ سول و عسکری وفد ان کے ہمراہ ہوگا۔

latest urdu news

اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے ایک اہم دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سعودی عرب جائیں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شامل ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف عیدالاضحیٰ سعودی عرب میں منائیں گے، اور اس موقع پر وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں موجودہ علاقائی صورتحال، باہمی تعاون اور سیکیورٹی امور زیرِ بحث آئیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے والے ممالک سے سفارتی رابطوں کا سلسلہ گزشتہ ماہ شروع کیا تھا اور اس دوران وہ ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے کر چکے ہیں۔

یاد دہانی کے لیے واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کر دیا اور پاکستان سے آئے تمام شہریوں کو، حتیٰ کہ علاج کی غرض سے موجود بچوں کو بھی واپس بھیج دیا۔

جوابی اقدام میں پاکستان نے اس اقدام کو جارحیت سے تعبیر کرتے ہوئے نہ صرف بھارتی سفارتی عملے کو محدود کیا بلکہ سکھ یاتریوں کے سوا تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کر دیے اور بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی۔

صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان کے مختلف شہروں — کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفرآباد پر میزائل حملے کیے جن میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاکستان نے فوری طور پر دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔

بھارت نے 10 فروری کو پاکستان کی تین ایئربیسز کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ‘آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا اور ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز، براہموس میزائل اسٹوریج اور بھارتی دفاعی نظام ایس-400 سمیت کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter