ملیر جیل سے 213 قیدی فرار، کینٹین اور ڈسپنسری سے لاکھوں روپے کا سامان بھی لوٹ لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرار ہونے والے قیدی جاتے جاتے جیل کی کینٹین اور ڈسپنسری کا بھی صفایا کر گئے، قیدی 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان ساتھ لے اُڑے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، فرار ہونے والے قیدیوں نے نہ صرف جیل کی کینٹین سے قیمتی اشیاء لوٹیں بلکہ ڈسپنسری میں موجود ادویات اور دیگر طبی سازوسامان بھی ساتھ لے گئے۔ جیل کے سی سی ٹی وی کیمرے یا تو خراب تھے یا ناکافی، جس کا جیل انتظامیہ نے دسمبر 2024 میں محکمہ داخلہ کو تحریری طور پر آگاہ بھی کیا تھا، لیکن مناسب فنڈز فراہم نہ کیے گئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جیل خانہ جات کو عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ منظور شدہ نفری ساڑھے 6 ہزار ہے، جبکہ عملی طور پر 5 ہزار اہلکار بھی دستیاب نہیں۔

جیل سے قیدیوں کے فرار کی یہ واردات اُس وقت پیش آئی جب گزشتہ رات ایک بجے ملیر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت دو سرکلز کے قیدیوں کو بیرکس سے باہر نکالا گیا۔ اسی دوران قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کی، پولیس سے جھڑپ ہوئی اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 213 قیدی فرار ہو گئے۔

پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے حالات قابو میں لانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ بعد ازاں، پولیس حکام کے مطابق 80 سے زائد قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی مفرور قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter